نو سو چوہتر جمع نو سو چوہتر برابر سٹیڈیم نو سو چوہتر

2,141

یہ تو ہمیشہ سے سُن رکھا تھا کہ اللہ حُسن دیتا ہے تو نزاکت آ ہی جاتی ہے لیکن یہ اب معلوم ہوا ہے کہ اللہ جب فیفا عالمی کپ جیسے عظیم الشان ٹورنامنٹ کی میزبانی دیتا ہے تو نہ صرف یہ کہ صدیوں کے آزمودہ اور ناقابلِ تردید اصول و قوانین کو لمحوں میں توڑ یا بدل ڈالنے کی طاقت آ جاتی ہے بلکہ افق پر نئے فارمولے اور قوانین رقم کرنے کی ہمت بھی مل جاتی ہے۔۔۔۔۔ کیونکہ بلاشبہ قطر والے اہلِ عالم کو نئی حقیقتوں سے آشنا کرتے جا رہے ہیں اور صدیوں کے منطقی اصولوں کو غلط ثابت کرتے جا رہے ہیں۔۔۔۔۔۔ اگر آپ کو بھی یقین نہیں آ رہا تو ابھی حساب لگائیں اور بتائیں کہ کیا آج تک ایسا نہیں ہوتا تھا کہ جب 974 میں 974 جمع کیا جاتا تھا تو جواب 1948 آتا تھا۔۔۔۔۔۔؟ لیکن اب اہلِ قطر نے ثابت کر دیا ہے کہ جب 974 میں 974 جمع کیا جاتا ہے تو جواب سٹیڈیم 974 آتا ہے!!

ہے ناں نیا فارمولا۔۔۔۔؟ قصہ یہ ہے کہ قطر کا بین الاقوامی ڈائلنگ کوڈ تو پہلے ہی سے 974 تھا لیکن اب انھوں نے سیمنٹ، بجری، ریت، گارے، لوہے، لکڑی اور دیگر روایتی سامانِ تعمیر کو کلیتاً خیرباد کہہ کر بحری جہازوں پر سامان لادنے کے لئے استعمال ہونے والے 974 کنٹینروں کو اکٹھا کر کے ایک شاندار، قطعی اچھوتا اور بے حد حسین فٹبال سٹیڈیم بنا ڈالا ہے اور اس کو ان دونوں حوالوں کی نسبت سے سٹیڈیم 974 کا نام دے دیا ہے۔ یوں دنیائے فٹبال کی تاریخ میں مکمل طور پر اس منفرد مٹیریل سے تعمیر ہونے والا یہ اپنی نوعیت کا پہلا سٹیڈیم ہے جو کہ فیفا عالمی کپ جیسے بڑے ٹورنامنٹ کی میزبانی کرے گا۔

Source:https://www.qatar2022.qa/en/stadiums/stadium-974

سٹیڈیم 974 کا تخلیقی ڈیزائن قطر کی بین الاقوامی تجارت اور سمندر سے متاثر ہے۔ 40 ہزار نشستوں کا حامل یہ سٹیڈیم منفرد اور ممتاز ڈیزائن کا حامل ہے اور دنیا کا پہلا مکمل طور پر عارضی یا بنا توڑ پھوڑ ختم کیا جا سکنے والا سٹیڈیم ہو گا جو کہ کسی فیفا عالمی کی میزبانی کرے گا۔ یہ سٹیڈیم مستقبل کی ماحول دوست تعمیرات کیلئے ایک نیا اور بلند معیار مقرر کرے گا اور اس ٹورنامنٹ کا اہم ترین ورثہ ثابت ہو گا۔

اس سٹیڈیم کی ایک اور انفرادیت یہ ہے کہ یہ خلیجِ عرب کے ساحل پر واقع ہے۔ گویا یہاں آنے والے صرف فٹبال کے مقابلے ہی نہیں دیکھیں گے بلکہ سمندر کی سیر بھی کر سکیں گے۔ اس میں تیر بھی سکیں گے۔ کشتی رانی بھی کر سکیں گے۔ غوطہ خوری کا شوق بھی پورا کر سکیں گے۔ مرجان کی دلکش چٹانوں کی زیارت سے اپنی آنکھوں کو خیرہ بھی کر سکیں گے اور انگنت سمندری مخلوقات کا نظارہ بھی کر سکیں گے۔ سٹیڈیم 974 اور دوحہ کے مغربی ساحل کے درمیان بھی سمندر حائل ہے۔ یوں دنیا بھر سے قطر آنے والے شائقین دارالحکومت سے براستہ سمندر اس سٹیڈیم تک پہنچیں گے۔ فیفا عالمی کپ 2022ء کے بعد یہ سٹیڈیم مقامی لوگوں کی تفریح کے لئے سمندر کے روبرو ایک شاندار اور پُرلطف مقام کی حیثیت حاصل کر لے گا۔

دریں اثناء، اپنے ملک کے خوبصورت ترین شہروں، قصبوں، ساحلوں اور صحراؤں کے دامن میں عالمی کپ کے میچز منعقد کروانا اور بین الاقوامی شائقین کی میزبانی کے لئے وہاں تمام اقسام کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا درحقیقت اہلِ قطر کا اپنے یہاں سیاحت کی صنعت کو فروغ دینے کیلئے بنایا گیا ایک سوچا سمجھا منصوبہ ہے۔ اہلِ قطر کو امید ہے کہ اگرچہ فیفا کپ تو چند دن کے ہلے گُلے کے بعد ختم ہو جائے گا لیکن وہ اس کے سبب اپنی سیاحت کی صنعت کی ترقی کے ثمرات دیر تک سمیٹتے رہیں گے۔

Source:https://www.qatar2022.qa/en/stadiums/stadium-974

یوں اپنے منفرد مٹیریل، ساخت، ڈیزائن اور محلِ وقوع سمیت ہر حوالے سے سٹیڈیم 974 دنیا بھر میں کھیلوں کے انعقاد کیلئے سٹیڈیمز بنانے والوں اور ٹورنامنٹس کے انعقاد کی منصوبہ بندی کرنے والوں کیلئے ایک شاندار قابلِ تقلید مثال بن کر سامنے آیا ہے۔ سٹیڈیم کی عمارت کے عارضی ہونے اور اس کی تعمیر کیلئے اختیار کی جانے والی جدید موڈیولر تکنیک کے سبب روایتی طرزِ تعمیر کی نسبت اس عمارت کی تعمیر میں کم مٹیریل استعمال ہوا جس کے نتیجے میں سٹیڈیم کی تیاری پر لاگت بھی کم آئی یعنی ایک تیر سے کئی شکار!

بالعموم ایسے سٹیڈیمز کہ جنھوں نے فیفا عالمی کپ جیسے بڑے ٹورنامنٹس کی میزبانی کرنی ہو، کی تعمیر اور تزئین و آرائش پر منتظمین کو دیگر سٹیڈیمز کی نسبت زیادہ وسائل خرچ کرنا پڑتے ہیں لیکن اہلِ قطر نے اپنی ذہانت اور حُسنِ تدبیر سے سارا کھیل ہی بدل ڈالا ہے۔۔۔۔۔ ماحول دوست ترین عمارت بنا کر دنیا سے داد بھی وصول کر لی، انسان اور زمین کے خیر خواہ ہونے کا لقب بھی لے لیا، دنیا بھر سے آںے والے شائقین کو اپنے ملک کے قدرتی حُسن کے بھرپور نظارے کے مواقع فراہم کر کے اپنی سیاحت کی صنعت کے فروغ کے امکانات بھی روشن کر لئے اور خرچ بھی بے حد کم ہوا! مزید برآں، اس جدید طرزِ تعمیر کے سبب سٹیڈیم کی تیاری پر وقت بھی کم صرف ہوا۔

لیکن کم خرچ بالا نشینی کی یہ کہانی یہیں ختم نہیں ہو جاتی بلکہ ابھی جاری ہے کیونکہ فیفا عالمی کپ کے اختتام کے بعد جب بھی کبھی اہلِ قطر اس سٹیڈیم کو ختم کرنا چاہیں گے تو وہ اس کی چھت، نشستوں، دیواروں اوردیگر بہت سے حصوں کی تعمیر میں استعمال ہونے والے مٹیریل کو نئی عمارات کی تعمیر میں ازسرِ نو استعمال بھی کر سکیں گے۔ یوں اپنے مٹ جانے کے کئی عشروں بعد تک سٹیڈیم 974 اپنے مٹیریل کے ذریعے اپنے لوگوں کے کام آتا رہے گا اور ان کے وسائل بچاتا رہے گا۔

Source:https://www.qatar2022.qa/en/stadiums/stadium-974/design

اہلِ قطر فیفا عالمی کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں اس قسم کے نئے تجربات کر کے اور اپنی جدت طرازیوں کو دنیا کے سامنے پیش کر کے اپنے ملک، اپنے اداروں اور اپنے لوگوں کی صلاحیتوں کا لوہا بھی منوا رہے ہیں جس کے نتیجے میں اس بات کے امکانات روشن تر ہوتے جا رہے ہیں کہ اب دنیا کے کچھ ممالک اپنے یہاں کھیلوں کی سہولیات و دیگر عمارات کی تعمیر کیلئے قطری تعمیراتی کمپنیوں اور ماہرین کی خدمات مستعار لیا کریں گے جب کہ کچھ دوسرے ممالک اور بین الاقوامی ادارے قطر بھر میں جاری دیگر ماحول دوست منصوبوں کی تیاری میں سرمایہ کاری کرنے کی خواہش کا اظہار کیا کریں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More