جانِ فیفا ورلڈ کپ کی وسعت، انفرادیت اور حُسن

1,950

لوسیل سٹیڈیم کی سیر کو جانے والوں کے لب خود بخود ہلتے ہیں اور کہہ اُٹھتے ہیں کہ جانِ فیفا ورلڈ کپ قطر 2022ء تیری وُسعت، انفرادیت اور حُسن کو سلام! اس سٹیڈیم کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ اس کی کوئی ایک نہیں بلکہ بہت سی خاص باتیں ہیں۔ اس میں بیک وقت 80 ہزار شائقینِ فٹبال کو خوش آمدید کہنے، انھیں ان کی پسند کے میچز کیمرے کی آنکھ کی محتاجی کے بغیر دِکھانے اور فٹبال کی دنیا کے تاریخی لمحات کا امین بنانے کی صلاحیت موجود ہے۔

یہ سٹیڈیم قطر والوں کی عرب تہذیب و ثقافت کو دنیا کے سامنے آشکار کرنے کی شدید خواہش، جذبے اور کوششوں کا منہ بولتا ثبوت ہے اور بلاشبہ یہی وہ خوش بخت مقام ہے کہ جس کے مقدر میں فیفا عالمی کپ قطر 2022ء کے فائنل میچ کی میزبانی کا شرف لکھ دیا گیا ہے۔ یہ دنیائے فٹبال کا وہ سب سے بڑا ٹاکرا ہو گا کہ جسے اگرچہ سٹیڈیم میں بیٹھ کر تو صرف 80 ہزار خوش قسمت ہی دیکھ پائیں گے مگر دنیا بھر میں پھیلی ٹی وی، کمپیوٹر اور موبائل فونز کی سکرینز پر کروڑوں لوگ دیکھ رہے ہوں گے۔

Source:https://www.qatar2022.qa/en/stadiums/lusail-stadium

اس عظیم الشان سٹیڈیم کا ڈیزائن روشنی اور سائے کے اتصالِ باہم سے متاثر ہو کر بنایا گیا ہے جو کہ قطر کی روایتی لال ٹین سے مشابہ ہے۔ اس کی شکل اور بالخصوص سامنے والا حصہ ایسے گول، کشتی نما اور دیگر پُرپیچ آرائشی نقش و نگار والے فن پاروں سے مزین ہے کہ جو خطے کی تہذیب کے عروج کے دوران عرب اور اسلامی دنیا میں امتیازی مقام رکھتے تھے۔ یہ سٹیڈیم لوسیل شہر کا مرکز اور اس کی پہچان بن چکا ہے۔ لوسیل جامع منصوبہ بندی کے تحت اور کلیتاً اندرونِ ملک موجود وسائل اور صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر بنایا اور بسایا گیا ایک نیا شہر ہے جسے خالصتاً مقامی آبادی یعنی اس کے نئے مکینوں کی ضروریات کو ذہن میں رکھ کر تعمیر کیا گیا ہے۔ اہلِ قطر کو یقین ہے کہ لوسیل سٹیڈیم ان کی قومی تاریخ میں ایک نئے اور شاندار باب کی صورت میں سامنے آئے گا جو کہ قطر کا مستقبل بننے کی بھرپور صلاحیتوں کا حامل ہونے کے ساتھ ساتھ اس کے اور مشرقِ وسطیٰ کے شاندار ماضی کو خراجِ عقیدت بھی پیش کرتا ہے۔

اگرچہ لوسیل سٹیڈیم کی تعمیر اب تقریباً مکمل ہو چکی ہے لیکن اہلِ قطر کا دل ابھی بھی نہیں بھرا اور اس کی تزئین و آرائش اور اس سے متصل کچھ حصوں کی تعمیر ہنوز جاری ہے۔ اہلِ قطر کی خواہش ہے کہ وہ اس سٹیڈیم کو اس قدر خوبصورت اور اس قدر مکمل بنا دیں کہ یہاں فیفا عالمی کپ 2022ء کا فائنل کھیلنے والے تمام کھلاڑی اور دنیائے فٹبال کے ماہرین یہ اعتراف کرنے پر مجبور ہو جائیں کہ انھوں نے اپنی زندگیوں میں اس سے خوبصورت اور اس سے زیادہ سہولیات کا حامل کوئی سٹیڈیم کبھی کہیں نہیں دیکھا۔ یہی وہ جنون ہے کہ جو اہلِ لوسیل کو اور اہلِ قطر کو مسلسل مصروفِ عمل رکھے ہوئے ہے اور وہ اس امر کو یقینی بنا رہے ہیں کہ کھیل اور کھلاڑیوں کی سہولت کے لئے ہر ممکن بندوبست کریں اور کسی قسم کی کوئی کمی نہ رہنے دیں۔ اس وقت لوسیل سٹیڈیم کی تعمیر و زیبائش کا کام تیزی سے جاری ہے اور فیفا عالمی کپ 2022ء کے فائنل مقابلے کے اس مقام کو ہمیشہ کے لئے یادگار بنا دینے کا اہلِ قطر کا خواب تیزی سے اپنی تعبیر کی جانب گامزن ہے۔

Source:https://www.qatar2022.qa/en/stadiums/lusail-stadium

قطر کے نو تعمیر کردہ شہر لوسیل کو اگر شہری زندگی کے نئے تصور کی تعبیر قرار دیا جائے تو یہ بے جا نہ ہو گا۔ یہ شہر قطر کے دارالحکومت دوحہ کے مرکز سے محض 15 کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ہے اور اہلِ قطر کی جانب سے تعمیر کئے جانے والے نئے شہروں میں سے سب سے پہلا شہر ہونے کا اعزاز بھی رکھتا ہے۔ شہر کی منصوبہ بندی میں انسانی ضروریات اور تحفظِ ماحول کے تقاضوں کو ہر پہلو سے مدِ نظر رکھا گیا ہے۔ یہاں کا ٹرام سسٹم برق رفتار ہونے کے ساتھ ساتھ مسافروں کی بہت بڑی تعداد کو بیک وقت بنا کسی تکلیف اور بدنظمی کے نہایت سکون اور سہولت کے ساتھ ایک سے دوسری جگہ منتقل کر سکتا ہے اور مکمل طور پر ماحول دوست ہے یعنی سبز توانائی استعمال کرتا ہے۔

چنانچہ مستقبل قریب میں لوسیل ایک ایسا شہر بن جائے گا کہ جہاں 2 لاکھ افراد ماحول کے ساتھ مکمل طور پر ہم آہنگ زندگی گزار رہے ہوں گے اور دنیا کے دیگر بڑے شہروں کے مکینوں کی طرح قدرتی ماحول کو نقصان نہیں پہنچا رہے ہوں گے بلکہ اس کے تحفظ کے علمبردار ہوں گے اور اقوامِ عالم کے لئے ایک اعلیٰ مثال ہوں گے۔ اپنے اس اعزاز کے ساتھ ساتھ اس نئے شہر میں مستقبل میں آباد ہونے والے مکین لوسیل سٹیڈیم جیسے شاندار ورثے کے مالک بھی ہوں گے۔ وہ ایسے خوش قسمت افراد ہوں گے کہ جن کا شہر پوری طرح بسنے سے پہلے ہی فیفا عالمی کپ جیسے سب سے بڑے بین الاقوامی ٹورنامنٹ کے فائنل میچ کی میزبانی کر چکا ہو گا یعنی لوسیل وہ شہر ہے کہ جو پیدا ہوتے ہی سارےعالم میں مشہور ہونے جا رہا ہے۔

Source:https://www.qatar2022.qa/en/stadiums/lusail-stadium/design

یوں اہلِ قطر درحقیقت ایک تیر سے کئی شکار کر رہے ہیں یعنی وہ اس شہر میں صرف ایک ٹورنامنٹ کے فائنل مقابلے کی میزبانی ہی نہیں کر رہے بلکہ دنیا بھر سے اس مقابلے کو دیکھنے کیلئے یہاں آنے والے سرمایہ کاروں، سربراہانِ مملکت و حکومت، سیاحوں، ماہرین و دیگر افراد کو اس شہر کو اپنے نئے مسکن یا اپنی سرمایہ کاری کے نئے مرکز کے طور پر دیکھنے اور منتخب کرنے کی دعوت بھی دے رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ وہ اس شہر کو مکمل طور پر ماحول دوست اور بے حد خوبصورت بنا رہے ہیں تاکہ اس کا ہر ہر مقام آنے والوں کو دعوتِ نظارہ دے سکے۔

لوسیل سٹیڈیم کے اردگرد اور اس کی جانب جانے والے راستوں کے دونوں اطراف پر کشادہ گھاس کے میدان، بیلٹس اور پگڈنڈیاں ہیں جہاں گھاس، درخت، پودے اور پھول آنے والوں کا استقبال کرتے ہیں، ان کی آنکھوں کو ٹھنڈک بخشتے ہیں اور دلوں کو سکون دیتے ہیں۔ لوسیل سٹیڈیم مکمل طور پر ماحول دوست ہے۔ اس کی تیاری میں استعمال ہونے والا مٹیریل ہی نہیں اس کے اندر کارفرما تمام تر ٹیکنالوجیز بھی مکمل طور پر ماحول دوست ہیں۔ سٹیڈیم کے احاطے میں اور اس کے اردگرد لگائے گئے درخت اس کی عمارت سے خارج ہونے والی کاربن ڈائی آکسائیڈ کو نیوٹرل کر دیتے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More