محتاجیِ حُسن اور اٹلی پویلین

420

اٹلی پویلین کیا پیغام دیتا ہے؟

بھلا ہو بلھے شاہ کا جو بالکل سچ فرما گئے ہیں کہ

جھوٹھ آکھاں تے کجھ بچدا اے (جھوٹ کہوں تو کچھ بچتا ہے)

سچ آکھیاں تے پامبڑ مچدا اے (سچ کہوں تو آگ لگ جاتی ہے)

اور بھلا ہو ایکسپو 2020 دبئی کے دامن میں اٹلی پویلین سجانے والوں کا کہ جنہوں نے ‘حُسن جوڑتا ہے‘ یعنی ‘تعلق محتاجِ حُسن’ کا تھیم منتخب کر کے شاہ صاحب کے لفظوں پر مہرِ تصدیق ثبت کر دی ہے اور حضرتِ انسان کو آئینہ دکھا ڈالا ہے! انسان اپنی بڑائی، طاقت، دانائی، تجربے، مردم شناسی اور علمیت وغیرہ کی چاہے جتنی بھی ڈینگیں مار لے سچ یہی ہے کہ وہ بہت ناتواں بھی ہے اور محتاج بھی۔۔۔۔۔۔ کبھی پانی کا۔۔۔۔ کبھی دوا کا۔۔۔۔ کبھی غذا کا۔۔۔۔۔ کبھی ہوا کا۔۔۔۔۔۔۔ تو کبھی حُسن۔۔۔۔۔!

Source:https://www.italyexpo2020.it/expofiles/2021/09/Spazi_Funzionali_Padiglione_2020_NEW_4_ENG.pdf

اس دنیا میں نجانے ایسی کون کون سی ‘بلائیں’ موجود ہیں جو انسان کو بار بار چاروں شانے چِت کر ڈالتی ہیں اور وہ یہ سوچنے پر مجبور ہو جاتا ہے کہ کیا فائدہ اتنا بارود اور اسلحہ ذخیر کرنے کا، توانائی کیلئے جنگیں لڑنے کا اور بقائے ذات کی آڑ میں بقائے کائنات کے خلاف کام کرنے کا کہ کبھی وہ اپنی ہی بے احتیاطیوں سے نمو پانے والے وائرسز کے ہاتھوں تو کبھی ہواؤں میں گُھلے سموگ جیسے زہر کے ہاتھوں تو کبھی محض کسی کی نظر کے وار سے ہی گھائل ہو کر چاروں شانے چِت ہو جاتا ہے؟

بہرحال! اٹلی والوں کی خوبی یہ ہے کہ وہ اس بے بسی سے گھبرائے نہیں بلکہ انہوں نے اسے بھی اپنی طاقت بنا ڈالا ہے اور انسان کے حُسن کے حضور دم بخود رہ جانے کے جبلی میلان سے مہمیز پا کر اپنے پویلین کو اس قدر خوبصورت بنا ڈالا ہے کہ ایکسپو 2020 کے احاطے میں اترنے والے چاہے کسی بھی پویلین کا رُخ کئے ہوئے ہوں، اگر ان کی نظر اٹلی پویلین پر پڑ جائے تو پھر ان کے پاس اس کی جانب بڑھنے کے سوا کوئی چارہ ہی نہیں ہوتا۔ روپ کا داؤ بلا ہی ایسی ہے۔۔۔ ہر دور اور ہر خطے میں بڑے بڑے سورماؤں کو گدائے درِ جاناں بنا ڈالتا ہے۔ چنانچہ آپ سب سے بھی التماس ہے کہ اگر قسمت یاوری کرے اور آپ کو ایکسپو 2020 کے شہرِ بے مثال میں جا اتارے اور آپ کے قدم خود بخود اطالوی پویلین کی جانب اٹھنے لگیں تو آپ نے گھبرانا نہیں۔ بس چُپ چاپ بڑھتے جانا ہے اور صرف یہ یاد رکھنا ہے کہ جب ‘پُتلی پیکھنے دی تے نقش روم ورگے’ (اٹالین نقوش کی حامل بیجنگ نژاد دوشیزہ) وارث شاہ جیسے صوفی بزرگ کو سلامِ عقیدت پیش کرنے پر مجبور کر سکتی ہے تو ہم آپ کیا بیچتے ہیں!

Source:https://www.italyexpo2020.it/expofiles/2021/09/Spazi_Funzionali_Padiglione_2020_NEW_4_ENG.pdf

اٹلی پویلین میں کیا ہو رہا ہے؟

اٹلی کے پویلین میں بہت سی تخلیقی صلاحیتیں اس سرزمینِ حُسن کے مختلف علاقوں اور شعبوں کا بے نظیر سفر طے کر کے یکجا ہو گئی ہیں اور ملک کے غیرمعمولی ماضی، حال اور مستقبل کی کہانیاں سُنا رہی ہیں۔

1۔ یہاں آنے والے ایک ناقابلِ فراموش تجربے سے گزرتے ہیں اور اٹلی میں تعلیم، روزگار اور کاروبار کے شعبوں میں انگنت نئے اور بہتر مواقع سے روشناس ہوتے ہیں۔

2۔ یہاں انسانیت کے محفوظ مستقبل کے لئے ڈجیٹل تعمیرات کے طریقے سکھائے جا رہے ہیں۔

3۔ قومی و اداراجاتی معیشتوں کو مسلسل گردش میں رکھنے کے لئے جامع نظام وضع کرنا سکھایا جا رہا ہے۔

4۔ نت نئی ٹیکنالوجیز اور ان کے فوائد سے آگاہ کیا جا رہا ہے۔

5۔ ثقافتی و سائنسی ڈپلومیسی کے ذریعے تعاون، شراکت داری اور ترقی کو فروغ دیا جا رہا ہے۔

اٹلی پویلین میں کیا کیا ہے؟

تخلیق کاروں اور تخلیقی صلاحیتوں کے مرکز کے طور پر آراستہ کئے جانے والے اطالوی پویلین میں جہاں کچھ مقامات نمائشوں کے انعقاد کیلئے مختص کئے گئے ہیں وہیں کچھ ہالز و دیگر مقامات مختلف تقریبات و پروگرامز کے انعقاد کے لئے بھی مختص کئے گئے ہیں جن میں ایک گیلری، ایک ایمفی تھیئٹر، ایک ریستوران، ایک کیفیٹیریا، ایک اکیڈمی اور ایک سٹوڈیو بھی شامل ہیں۔

Source:https://www.italyexpo2020.it/expofiles/2021/09/Spazi_Funzionali_Padiglione_2020_NEW_4_ENG.pdf

ایمفی تھیئٹر میں کیا ہو رہا ہے؟

اطالوی پویلین کی انتظامیہ اپنے ایمفی تھیئٹر کو متعدد مقاصد کیلئے استعمال کر رہی ہے۔ یہاں مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ اس میں داخل ہونے کے خواہشمندوں کیلئے پویلین کا مرکزی دروازہ استعمال کرنا ضروری نہیں، اس کا علیحدہ داخلی دروازہ بھی ہے اور آپ پویلین کے اندر سے بھی اس میں داخل ہو سکتے ہیں۔ تھیئٹر ہال کے ساتھ ایک ڈریسنگ روم بھی موجود ہے۔ تقاریب کی مناسبت سے ہال کی اندرونی سیٹنگ کو بدلا جاتا رہتا ہے۔

گیلری میں کیا ہوتا ہے؟

اٹلی پویلین کی گیلری مختلف بین الاقوامی و اداراجاتی تقریبات، باہمی روابط کے فروغ اور کاروباری ملاقاتوں وغیرہ کیلئے استعمال ہوتی ہے۔ گیلری کا اپنا داخلی دروازہ ہے اوراس کے ساتھ ایک لابی بھی موجود ہے۔

اکیڈمی میں کیا ہو رہا ہے؟

اٹلی پویلین میں ایک اکیڈمی بھی ہے۔ یہاں مختلف تعلیمی سرگرمیوں، ورکشاپس اور تربیتی پروگرامز وغیرہ کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ طلبہ کے سائنسی و فنی علم میں اضافے کیلئے اس اکیڈمی میں جدید ٹیکنالوجی اور آلات سے مزین لیبارٹریاں بھی بنائی گئی ہیں۔ اکیڈمی کے دو داخلی دروازے ہیں۔ اس کی شفاف دیواروں کے مرہونِ منت آپ باہر سے بھی اس کے اندر منعقد کی جانے والی تقریبات کا نظارہ کر سکتے ہیں۔ ملٹی میڈیا کے ساتھ ساتھ فاصلاتی تعلیم کے اہتمام کے لئے درکار ہر قسم کے دیگر آلات بھی یہاں بکثرت موجود ہیں۔

Source:https://www.dezeen.com/2021/10/04/italy-pavilion-dubai-expo-2020-carlo-ratti/

سٹوڈیو میں کیا ہو رہا ہے؟

اٹلی پویلین میں ایک سٹوڈیو بھی ہے جسے کلیدی طور پر ثقافتی اور تربیتی پروگرامز کے انعقاد کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے۔ تاہم ان کے ساتھ ساتھ یہاں مختلف علمی موضوعات پر فورمز اور مذاکروں کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے جہاں طلبہ اور دیگر حاضرین کو متعلقہ موضوعات پر ہر ممکن رہنمائی فراہم کی جاتی ہے۔ دریں اثناء، سٹوڈیو میں خصوصی مہمانوں اور اپنے شعبوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو بھی بطورِ خاص مدعو کیا جاتا ہے اور ان سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ اپنے سیر حاصل تجربات سے شرکائے محفل اور آن لائن موجود ناظرین کو آگاہ کریں اور ان کی معلومات اور حوصلے دونوں کو تقویت پہنچائیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More