انسان، ٹیکنالوجی، خیالات اور جاپان پویلین

1,353

جاپان پویلین کی تھیم کیا ہے؟

ٹُنڈ مُنڈ درخت عموماً سیدھے کھڑے ہوتے ہیں اور پھلدار پیڑوں کا جُھکنا منطقی ہوتا ہے۔ اہلِ جاپان حقیقت پسند لوگ ہیں۔ غرور تو انہیں چھو کر نہیں گزرا۔ بالعموم سراپا عجز و نیاز ہوتے ہیں۔ جوں جوں ان کی عاجزی بڑھتی جا رہی ہے ویسے ویسے ان کی ثروت اور عظمت بھی دوچند ہوتی جا رہی ہے۔ ساری دنیا جاپانی ٹیکنالوجی و آلات کی مداح اور خریدار ہے مگر اہلِ جاپان اپنی اس کامیابی کا سہرا صرف اپنے سر سجانے پر چنداں تیار نہیں بلکہ ان کا کہنا ہے کہ یہ صرف ان کی نہیں بلکہ پوری عالمی برادری کی کامیابی ہے کیونکہ وہ اس حقیقت کو مطلق فراموش نہیں کرتے کہ جاپان کی ترقی میں بیرونی دنیا کے لوگوں کی محنت اور آئیڈیاز ہمیشہ اہم کردار ادا کرتے رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ وہ جاپان اور دنیا کے بہتر مستقبل کیلئے اپنے ملک کو بدستور ایک ایسے مقام کے طور پر آباد رکھنا چاہتے ہیں کہ جہاں دنیا بھر کے بہترین نظریات کا تبادلہ ہوتا رہے اور اس کے نتیجے میں انسان کو بہتر سے بہتر اشیاء، ٹیکنالوجیز اور مواقع میسر آتے رہیں۔ یہی وہ محرکات ہیں کہ جن کے سبب اہلِ جاپان نے ایکسپو 2020 دبئی میں قائم کئے گئے اپنے پویلین کیلئے تھیم بھی ‘انسان، ٹیکنالوجی اور آئیڈیاز’ منتخب کی ہے۔۔۔ اور بلاشبہ یہ پویلین ایک ایسا ہی مقام ہے کہ جہاں دنیا بھر سے آئے لوگ اپنے بہترین اور اچھوتے ترین آئیڈیاز کا تبادلہ کر رہے ہیں، جدید ترین ٹیکنالوجیز متعارف کروا رہے ہیں اور انسان کے بہتر مستقبل کیلئے موزوں ترین راستے تلاش کر رہے ہیں۔

Source:https://www.arabnews.jp/en/business/article_201/

جاپانی پویلین کیسا ہے؟

جاپانی پویلین کا سامنے والا حصہ روایتی عرب اور اسانوشا طرز ہائے تعمیر کا دلفریب مُرقع ہے۔ یوں اس پویلین کو دیکھنے والے جاپان اور مشرقِ وسطیٰ کے مابین موجود گہرے اور قدیم علمی، فنی و ثقافتی تعلقات کا بخوبی اندازہ لگا سکتے ہیں۔

شیش محل کیا ہے؟

جاپان پویلین میں ایک شیش محل یا شیشوں والا کمرا بھی ہے۔ یہ مقام بھی اہلِ جاپان کے حقیقت پسندانہ طرزِ فکر کا عکاس ہے کیونکہ اس کمرے میں آنے والے اپنی شبیہوں کو ٹوٹا اور بکھرا ہوا اور دور تک پھیلا ہوا دیکھتے ہیں جو کہ درحقیقت انسانیت کو درپیش انگنت مسائل، دنیا میں موجود ٹوٹ پھوٹ، انتشار اور نفاق وغیرہ کو ظاہر کرنے کا ایک فنکارانہ انداز ہے۔

Source:https://www.constructionweekonline.com/tags/japan-pavilion

منی ایچرز سیکشن میں کیا ہے؟

جاپانی پویلین میں ایک منی ایچر سیکشن بھی ہے جس میں روزمرہ زندگی میں استعمال ہونے والی ننھی ننھی چیزوں کی مدد سے بنائے گئے خوبصورت ننھے مُنے مجسمے و دیگر فن پارے رکھے گئے ہیں جو کہ جاپان کے حال اور مستقبل کے مختلف پہلوؤں کی نہایت عمدگی سے عکاسی کرتے ہیں۔

جاپان پویلین میں کیسا تھیئٹر ہے؟

جاپان پویلین میں جدید ڈیٹا ٹیکنالوجی اور آلات سے آراستہ ایک شاندار تھیئٹر بھی موجود ہے جسے 360 ڈگری تھیئٹر کا نام دیا گیا ہے اور جہاں جاپانی ماہرین، سائنسدانوں، ہنرمندوں، کاروباری اداروں اور فنکاروں کے اپنے اپنے شعبوں میں انجام دیئے گئے کارہائے نمایاں کو دستاویزی فلمز اور عمومی ویڈیوز کی مدد سے آنے والوں کے سامنے پیش کیا جا رہا ہے۔ یہ ویڈیوز بلاشبہ اپنے اندر دیکھنے والوں کیلئے دلچسپی اور ترغیب کا بے پناہ سامان لئے ہوئے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ اس تھیئٹر میں مندوبین کو جاپان کے قدرتی حسن، وہاں موجود انسانی مہارتوں کے شاہکاروں اور تہذیب و ثقافت سے بھی آگاہ کیا جا رہا ہے اور بھرپور کوشش کی جا رہی ہے کہ ایکسپو 2020 کے ایونٹ کو ملک میں سیاحت کی صنعت کے فروغ کیلئے بھی ہر ممکن حد تک استعمال کیا جا سکے۔

Source:https://www.jetro.go.jp/en/news/releases/2021/529070e8449a8f45.html

خیالات کا اختلاط کیا رنگ لا رہا ہے؟

انفرادی فکر بسا اوقات انسانیت کو درپیش کوئی ایک دو مسائل تو حل کرنے میں کامیاب ضرور ہو جاتی ہے مگر اکثر اوقات خام ہونے کے سبب بعض مسائل کو حل کر کے بعض دوسرے پیدا بھی کر دیتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہر مہذب معاشرہ ‘شوریٰ بینھم’ یعنی باہمی مشاورت کے آفاقی اصول ہی پر عمل کر کے ترقی و فلاح کی منازل کو پانے میں کامیاب ہوا ہے اور اب جاپانی معاشرہ بھی ہوبہو اسی اصول پر عمل پیرا ہے۔ جبھی تو دن دوگنی اور رات چوگنی ترقی کر رہا ہے۔ جاپانی پویلین میں نظر آنے والی خوبصورت ترین، جدید ترین اور اچھوتی ٹیکنالوجیز کی مدد سے تیار کردہ مصنوعات کی وسیع رینج جاپان کی اس ترقی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ یہ مصنوعات دیکھنے والوں کو بتاتی ہیں کہ کس طرح خیالات کا اختلاط قوموں اور ملکوں کو ایک بہتر مستقبل کی جانب لے جاتا ہے۔ دریں اثناء، یہ روشن دماغ لوگوں کو اپنے ذہنوں میں پنپنے والے منفرد آئیڈیاز کے اظہار کی ترغیب بھی دیتی ہیں اور انہیں یقین دلاتی ہیں کہ اگر وہ انسانیت کو کچھ بہتر تخلیقات دے سکتے ہیں تو پھر اگلی عالمی نمائش جو کہ 2025ء میں جاپان کے شہر اوساکا میں منعقد ہو گی، ان کی مصنوعات کی نمائش کیلئے موزوں ترین مقام ہو گا۔۔۔۔۔ جاپانی پویلین میں موجود نہایت شفیق، حلیم، مدبر اور جہاں دیدہ ماہرین ایسے نوجوان طلبہ اور محققین کو ہر ممکن معاونت، رہنمائی اور پلیٹ فارم فراہم کرنے کے لئے ہر دم تیار رہتے ہیں۔

پویلین کی منفرد ترین سرگرمی کون سی ہے؟

جاپانی پویلین میں آنے والوں کو جدید مخصوص سمارٹ فونز دیئے جاتے ہیں جو ان کے پویلین کے دورے کے دوران ان کے پاس رہتے ہیں اور ان تمام چیزوں کو نوٹ کرتے رہتے ہیں جن میں وہ دلچسپی لیتے ہیں اور ان کے دورے کے اختتام پر ان تمام معلومات کو مندوبین کے رُجحانات اور پویلین کی ان کے ذوق کی تسکین میں کامیابی یا ناکامی کی شرح معلوم کرنے کے لئے استعمال کیا جاتا ہے۔

Source:https://www.jetro.go.jp/en/news/releases/2021/529070e8449a8f45.html

دُھند کی دنیا کیا ہے؟

جاپانی پویلین کا دورہ کرنے والے ایک یادگار اور سحرانگیز تجربے سے اس وقت گزرتے ہیں جب وہ ٹھنڈی اور نہایت شفاف دُھند سے بھری ایک جگہ پر دکھائی جانے والی ویڈیوز میں تھری ڈائمینشنل آرٹ کا مشاہدہ کرتے ہیں۔

جاپان پویلین کون کون دیکھ سکتا ہے؟

جاپان پویلین کو دیکھنے کے لئے آپ کا دبئی جانا مطلق ضروری نہیں۔ کوئی بھی کبھی بھی کہیں سے بھی آن لائن جاپان پویلین کو دیکھ سکتا ہے، وہاں موجود اشیاء و ٹیکنالوجیز کو حاصل کر سکتا ہے اور وہاں جاری سرگرمیوں میں حصہ لے سکتا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More