محبت اور نیوزی لینڈ پویلین

1,455

نیوزی لینڈ پویلین کی تھیم کیا ہے؟

نیوزی لینڈ پویلین ان دنوں دبئی میں محبت کا پرچار کر رہا ہے اور یہ محبت صرف کسی ایک کی کسی دوسرے سے نہیں بلکہ ذرا آفاقی نوعیت کی ہے یعنی اس میں کسی کو نظر انداز کرنے کا کوئی سوال نہیں کیونکہ اہلِ نیوزی لینڈ صرف انسانوں ہی سے نہیں بلکہ ان کے مسکن یعنی سیارہ زمین سے بھی گہری محبت پالنے کی مہم چلا رہے ہیں جبھی تو انھوں نے ‘انسان اور مقام کے تحفظ‘ کو اپنے پویلین کی تھیم بنا ڈالا ہے اور ایکسپو 2020 کے سسٹین ایبلٹی ڈسٹرکٹ میں قائم ان کا پویلین دنیا بھر سے نمائش گاہ آنے والوں کو ماحول دوست رویے، اشیاء اور پروسیجرز اپنانے کی ترغیب دے رہا ہے۔

دریں اثناء، پویلین انتظامیہ انسانوں، قوموں، ملکوں اور تہذیبوں کے مابین روابط کو فروغ دینے پر بھی زور دے رہی ہے کیونکہ اس کا ماننا ہے کہ یہ ہمارے باہمی روابط ہی ہیں کہ جو ہمیں ایک دوسرے کو سمجھنے اور ایک دوسرے سے محبت کرنے پر مائل کرتے ہیں۔ لہٰذا نیوزی لینڈ پویلین کو ڈیزائن ہی اس طرح کیا گیا ہے کہ وہ آنے والوں کو باہمی روابط کے فروغ کی ترغیب دے رہا ہے۔

نیوزی لینڈ پویلین کیوں جانا چاہئے؟

اگر آپ پولینیشیئن جزائر سے تعلق رکھنے والے حقیقی اہلِ نیوزی لینڈ سے ملنا چاہتے ہیں اور ان قدیم قبائلی افراد کی قدیم اقدار و روایات سے واقف ہونا چاتے ہیں اور یہ جاننا چاہتے ہیں کہ ماوری قوم کہلانے والے ان افراد کا طرزِ زندگی کیسا ہے اور یہ کس طویل تہذیبی عمل سے گزر کر آج کی جدید کیوی قوم میں تبدیل ہوئے ہیں اور اس قدیم قوم کا تحفظ کا طریقہ کیا تھا اور یہ کہ ہم سب جو کہ ایک ہی نسلِ انسانی سے تعلق رکھتے ہیں کس طرح ہماری جڑیں اور رشتہ بھی دنیا کی اس قدیم ترین قوم اور اس کے بنیادی ماحول سے جا ملتا ہے۔۔۔۔ تو پھر آپ کو اپنے ان تمام سوالات کا جواب پانے اور اپنے تجسس علمی کی تشفی کیلئے نیوزی لینڈ پویلین ضرور جانا چاہئے۔

نیوزی لینڈ پویلین جانے کے کیا فوائد ہیں؟

1۔ نیوزی لینڈ پویلین جانے کا پہلا فائدہ تو یہ ہو گا کہ آپ کو قدیم ماوری قوم کے طرزِ تحفظ ‘کائٹیاکٹانگا’ کے متعلق جاننے میں مدد ملے گی اور اپنے بچوں، رفقاء، آںے والی نسلوں اور اپنے بنیادی گھر یعنی سیارہ زمین کے تحفظ کیلئے بہتر طریقے اختیار کرنے کی ترغیب ملے گی۔

2۔ اس پویلین کے دورے کا دوسرا فائدہ یہ ہو گا کہ آپ کو نیوزی لینڈ کی ثقافت، اقدار، کھانوں اور طرزِ زیبائش و ذوقِ جمال وغیرہ کو جاننے میں مدد ملے گی۔

3۔ پویلین کو اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ وہ نیوزی لینڈ کی شناخت اور اقدار کے اہم پہلوؤں کی نمائش میں خاطر خواہ معاونت کر سکے۔

4۔ نیوزی لینڈ پویلین کا دورہ طلبہ کے لئے بطورِ خاص مفید ہے کیونکہ یہاں نیوزی لینڈ کی جامعات کے مدار المہام، ماہرین تعلیم، محققین اور اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبا و طالبات بھی موجود ہیں۔ یہ سب آنے والوں کو اپنے ملک کے شعبہ تعلیم کی کامیابیوں اور مستقبل کی قیادت کیلئے بہترین نسل پیدا کرنے کی اپنی کوششوں کے متعلق بتاتے ہیں۔ پویلین آنے والوں کو یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ وہ کیا اقدامات اور اسباب ہیں کہ جنہوں نے طلبہ کو مستقبل کے چیلنجز سے نبردآزما ہونے کیلئے بہترین انداز میں تیار کرنے والے ممالک کی فہرست میں نیوزی لینڈ کو تیسرے نمبر پر پہنچا دیا ہے۔

نیوزی لینڈ پویلین میں کیا ہو رہا ہے؟

نیوزی لینڈ پویلین میں بہت کچھ اچھا اور منفرد ہو رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اب تک 4 لاکھ سے زائد افراد اس پویلین کا دورہ کر چکے ہیں۔

1۔ نیوزی لینڈ پویلین میں شارٹ فلم فسٹول ہو رہا ہے جس میں دنیا بھر سے پرفارمنگ آرٹ کے نامور ماہرین، طلبہ اور فنی و فکری صلاحیتیں رکھنے والے دیگر افراد شریک ہیں۔

2۔ نیوزی لینڈ پویلین کا ڈیزائن ماحول دوست ہے اور اہل پویلین اپنی ماحول دوستی کا جشن بھی منا رہے ہیں تاکہ دنیا کی دیگر اقوام کو بھی اپنے نقش قدم پر چلنے کی دعوت دے سکیں۔

3۔ پویلین میں دنیا بھر سے مندوبین آ رہے ہیں۔ اپنے اپنے شعبوں کے ماہرین آ رہے ہیں۔ مختلف سنجیدہ علمی اور فکری موضوعات و مسائل پر مذاکرات ہو رہے ہیں۔ انسانیت کو درپیش مسائل کے حل تلاش کرنے کیلئے اجتماعی فکر، نئے خیالات اور جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لانے کی سعی کی جا رہی ہے۔

محافل موسیقی منعقد کی جا رہی ہیں۔ شوبز کے ستارے جلوہ گر ہو رہے ہیں اور پرستاروں کے ٹھٹھ کے ٹھٹھ لگ رہے ہیں۔

5۔ اہل نیوزی لینڈ مختلف تقریبات، فورمز اور ثقافتی پروگرامز کے ذریعے تجدید عہد کر رہے ہیں کہ وہ دنیا بھر سے صنفی امتیاز کے خاتمے اور صنفی بنیادوں پر ہونے والے تشدد کو روکنے کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھاتے رہیں گے۔

6۔ پویلین میں قدیم ماوری قوم کے طرزِ بود و باش اور روایات کی عکاسی کرنے کیلئے ٹی اراٹینی میلہ بھی منعقد کیا گیا ہے جس میں قبائلی نظریات کو رقص و سرود کی زبان میں پیش کیا جا رہا ہے اور اہل نیوزی لینڈ اپنے درخشاں ماضی کا جشن منا رہے ہیں۔

7۔ پویلین میں نیوزی لینڈ کا رائل فیملی ڈاانس کریو اپنے ملک کے مختلف الاقسام ڈانسز کی تربیت دینے کیلئے ورکشاپس کروا رہا ہے۔

8۔ پویلین کی جانب سے لانچ کئے گئے پروگرام برائے زمین اور اہلِ زمین کے سلسلے میں مختلف تقاریب، فورمز، سیمینارز اور ورکشاپس کا اہتمام کیا جا رہا ہے جن میں دنیا بھر میں سسٹین ایبل تعمیرات و ٹیکنالوجیز کے فروغ کیلئے کام کرنے والے سائنسدان اور دیگر ماہرین آنے والوں کو تربیت بھی فراہم کر رہے ہیں اور لیکچرز بھی دے رہے ہیں۔

9۔ نیوزی لینڈ پویلین میں جاری سرگرمیوں کی لائیو سٹریمنگ بھی کی جا رہی ہے۔ چنانچہ آپ دنیا میں جہاں کہیں بھی ہیں، سوشل میڈیا ایپلی کیشنز کے ذریعے پویلین میں جاری سرگرمیوں کو دیکھ اور ان میں حصہ لے سکتے ہیں۔

10۔ پویلین ‘آئی ایم نیوزی لینڈ’ کے نام سے ایک سوشل میڈٰیا کمپین بھی چلا رہا ہے جس میں دبئی ایکسپو 2020 میں شریک کلیدی اہل نیوزی لینڈ اور ان کی کاوشوں کو اجاگر کیا جا رہا ہے۔ ملک کے ‘اجتماعی تحفظ پروگرام’ کی کاوشوں کو اجاگر کیا جا رہا ہے۔ ماہرین کی جانب سے دنیا بھر میں موجود افراد کو انسانیت کے مستقبل کے تحفظ کیلئے درکار اقدامات کے متعلق آگاہ کیا جا رہا ہے اور نیوزی لینڈ کے دیگر نمایاں افراد اور برآمد کنندگان کی کامیابیوں اور خدمات کو بھی دنیا کے سامنے پیش کیا جا رہا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More